پٹنہ، 15/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں گنگا ندی میں ہوئے کشتی حادثے میں اب تک ہوئی 25افراد کی موت کے لیے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے بی جے پی نے ان سے استعفی کا مطالبہ کیا ہے۔بی جے پی کے ریاستی صدر نتیانند رائے نے ہلاک شدگان اور اونکے اہل خانہ کے تئیں ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے آج یہاں کہا کہ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے اپنی غفلت پر پردہ ڈالنے کے لیے ان کو جائے حادثہ پر جانے سے روکا۔انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے اپنی ناکامی اور ہلاک شدگان کی صحیح تعداد چھپانے کے لیے جائے حادثہ پر جانے سے انہیں روک دیا۔اس درمیان بہار کے وزیر تعلیم اور کانگریس کے ریاستی صدر اشوک چودھری نے اس حادثے کے پیچھے انتظامی چوک کااعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومت نے لوگوں کو مدعو کیا تھا،تو اس کے مطابق سبھی طرح کے انتظامات بھی کئے جانے چاہیے تھے، ادھر سابق مرکزی وزیر اورکانگریس کے سینئر لیڈر شکیل احمد نے بی جے پی پر سیاست کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے وزیر اعلی سے ایسے انتظامات کرنے کی اپیل کی کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔